ہمیں ایک دن بچوں کا عالمی دن منا کر خاموش نہیں بیٹھنا چاہئیے بلکہ عملی طور پر سارا سال ان بچوں کے لیے کام کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ اپنی نئی نسل کے روشن مستقبل کے لیے کام کرنا ہم سب کی اولین زمہ داری ہے ، اور ہمیں اپنے بچوں کو وہ تمام بنیادی حقوق مہیا کرنے ہوں گے جن سے وہ محروم ہیں ۔ جو والدین کسی مجبوری یا معاشی تنگی کے باعث بچوں کو تعلیم جیسی نعمت سے محروم رکھتے ہیں ہماری حکومت کو ان بچوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ ان بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا ساتھ ساتھ ان بچوں کا ماہانہ وظیفہ بھی مقرر کرنا چاہیے نیز بچوں کو اقبال کا شاہین بنانے کی کوشش کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں میں ایسا شعور اجاگر کرنا چاہئے کہ جس سے نہ صرف بچے کی پرسنیلٹی بہتر ہوگی بلکہ وہ ایک ذمہ دار شہری بھی بنے گے ۔ خاص طور پر ہمیں اپنی بچیوں کی تعلیم و تربیت پر بھی خاص توجہ دینا ہوگی تا کہ وہ بچیاں آنے والے کل میں ایک مضبوط شہری کی حیثیت سے ملک و قوم کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں ۔