کاروباری خبریں

آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے پہلے کاروباری روز ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا، آج کے ایس ای-100 انڈیکس 1435 پوائنٹس اضافے کے بعد 81 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 26 منٹ پر کے بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1435 پوائنٹس یا 1.8 فیصد اضافے کے بعد 81 ہزار 379 پر پہنچ گیا، جو آخری کاروباری روز 79 ہزار 944 پر بند ہوا تھا۔

یاد رہے کہ 13 جولائی کو عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا تھا، جس کی مالیت 7 ارب ڈالرز ہے جب کہ اس کا دورانیہ 37 ماہ ہوگا۔

معاہدے کے بعد پہلے کاروباری روز اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ہے۔

واضح رہے کہ 3 جولائی کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 680 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی باز 80 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔

ای ایف جی ہرمیس پاکستان کے چیف ایگزیکٹو رضا جعفری نے روشنی ڈالی تھی کہ مالی سال 2025 کے بجٹ کی منظوری آئی ایم ایف قرض پروگرام لینے کی طرف ایک بڑا قدم ہے اور سرمایہ کاروں کی جانب سے اسے مثبت دیکھا جا رہا ہے۔

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے مطابق بجٹ کی منظوری سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے میں مدد ملی ہے۔

یاد رہے کہ 20 جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان رہا تھا، اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 2094 پوائنٹس اضافے کے بعد 78 ہزار 801 کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا تھا۔

اس سے اگلے روز ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای-100 انڈیکس 1199 پوائنٹس اضافے کے بعد 80 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا، تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ رجحان برقرار نہیں رہ سکا تھا اور انڈیکس محض 9 پوائنٹس اضافے سے 78 ہزار 810 پر بند ہوا تھا۔

اس سے قبل 12 جون کو بجٹ پیش کیے جانے کے بعد 14 جون کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 877 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 77 ہزار کی سطح عبور کر گیا تھا۔

24 مئی کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 76 ہزار پوائنٹس کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔

15 مئی کو انڈیکس 565 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 100 انڈیکس 75 ہزار 96 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

اس سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 74 ہزار کی حد عبور کرگیا تھا۔

10 مئی کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا تھا جب ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران ہی بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 427 پوائنٹس اضافے سے 73 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔

Related Articles

Back to top button