پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ کے مطابق جمعرات کاروبار کے دوران دوپہر 2 بجکر 38 منٹ پر بینچ مارک 100 انڈیکس 4 ہزار 866 پوائنٹس کی تاریخی مندی کے بعد ایک لاکھ 7 ہزار کی حد بھی گنوا بیٹھا، واضح رہے کہ اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں آج ایک دن میں ہونے والی سب سے بڑی مندی ریکارڈ کی گئی ہے۔
جمعرات کو بازارِ حصص میں کاروبار کے دوران 472 کمپنیوں کے ایک ارب 16 کروڑ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا، 66 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 371 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 35 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 4 ہزار 795 پوائنٹس یا 4.32 فیصد کی کمی سے ایک لاکھ 6 ہزار 274 پوائنٹس پر بند ہوا، گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 3 ہزار 790 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 11 ہزار 70 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 3 روز کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں 10 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی واقع ہوچکی ہے، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو ٹریڈنگ کے دوران اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی تھی، 800سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 17 ہزار 039 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا تھا تاہم اس کے بعد سے مندی کا رجحان برقرار ہے۔