مرغی کی قیمت میں بڑا اضافہ

پشاور میں زندہ برائلر مرغی کے نرخ میں ایک دن میں 40 روپے کا بڑا اضافہ ہو گیا ہے، مرغی کے نرخ 500 سے بڑھ کر 540 روپے ہو گئے ہیں۔ پشاور میں فی کلو مرغی کا گوشت 70 روپے مزید مہنگا ہو گیا ہے، گوشت کی قیمت 800 روپے سے بڑھ کر 870 روپے ہو گئی ہے۔ لاہور میں سرکاری نرخنامے کے مطابق مرغی کا گوشت 595 روپے کلو ہے۔لاہور میں انڈوں کی فی درجن قیمت 264 روپے ہے۔
لاہور میں زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 397 روپے کلو جبکہ زندہ برائلر کا پرچون ریٹ 411 روپے کلو ہے۔ سرکاری قیمتوں کے برعکس لاہور شہر میں چکن 700 سے 750 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، بون لیس کے دام 1100 سے 1250 روپے فی کلو وصول کیے جا رہے ہیں۔
لاہور میں سرکاری نرخنامے کی بجائے چکن کی ہول سیل مارکیٹ ٹولنٹن مارکیٹ میں زندہ مرغی 450 سے 470 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ گوجرانوالہ میں عید سے قبل چکن کے ریٹس میں خود ساختہ اضافہ کر دیا گیا ہے، سرکاری ریٹس کے مطابق زندہ مرغی کی قیمت 410 روپے کلو اور گوشت کی 594 روپے فی کلو ہے۔
گوجرانوالہ مارکیٹ میں مرغی کا گوشت سرکاری ریٹس کے برعکس ساڑھے سات سو روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، دکاندار کا کہنا تھا کہ ہمیں سپلائی مہنگی مل رہی ہے، زندہ مرغی 510 روپے کلو کے حساب سے مل رہی ہے، سرکاری ریٹ پر فروخت کرنے سے 150 روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 50 دکانیں سیل اور 25دکاندار گرفتار کرکے 4 لاکھ سے زائد جرمانے عائد کئے ہیں، انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی سرکاری ریٹس پر فراہمی کے لئے سختی سے عملدرآمد کروا رہے ہیں۔
ملتان میں بھی گزشتہ دو دن کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں 60 روپے سے لیکر 80 روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے، سرکاری قیمت کے برعکس چکن کا گوشت 640 سے لیکر 680 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے،چکن کے گوشت کی سرکاری قیمت 597 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔