وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے ایوان صنعت وتجارت لاہور میں ایف بی آر کے چیئرمین شبرزیدی کے ہمراہ تاجربرادری کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کے عہدیداروں کی جانب سے تاجروں اور صنعتکاروں کو ہراساں نہیں کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اگلے تین سے چار سال کے اندر مجموعی پیداوار میں ٹیکسوں کی شرح بڑھا کر تین سے چار فیصد تک لائے گی۔
حماد اظہر نے کہا کہ مطلوبہ کوائف اکٹھا کرنے، ٹیکس رجسٹریشن، خود کار نظام اور ٹیکس کے دائرہ کار میں توسیع پر توجہ مرکوز کی جائیگی۔
ایف بی آر کے چیئرمین شبرزیدی نے کہا کہ وہ انڈر انوائسنگ اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کررہے ہیں تاکہ مقامی صنعت اور تجارتی سرگرمیوں کو مستحکم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے نظام میں انسانی عمل دخل کی روک تھام کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو خود کار نظام پر منتقل کیا جارہا ہے۔