کاروباری خبریں

اے ڈی بی نے سیاسی عدم استحکام پاکستان میں معاشی اصلاحات کے نفاذ کیلئے خطرہ قرار دے دیا

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی تازہ ترین رپورٹ میں پاکستان کے معاشی آؤٹ لک کے مزید منفی ہونے کے سنگین خطرات سے خبر دار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک کا اپریل 2024 تک معاشی ایڈجسٹمنٹ پروگرام پر عمل معاشی استحکام اور شرح نمو کی بتدریج بحالی کے لیے اہم ہوگا۔

اے ڈی بی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2024 کے دوران پاکستان کو مہنگائی، معاشی مشکلات کا سامنا رہے گا اور رواں مالی سال مہنگائی کی مجموعی شرح 25 فیصد تک رہے گی تاہم الیکشن سے پاکستان کی معیشت کو اعتماد ملے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال کے دوران توانائی کی قیمت میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ رواں مالی سال پاکستان کی معیشت کی شرح نمو 1.9 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق معاشی شرح نمو میں مستحکم گروتھ کیلئے پاکستان کو اصلاحات ایجنڈے پر عملدرآمد کرانا ضروری ہے، پاکستان کو مالی نظم و نسق، مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ اور پاور سیکٹر میں اصلاحات ضروری ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو مستحکم معاشی گروتھ کیلئے حکومتی ملکیتی اداروں میں اصلاحات ضروری ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان کی معیشت کو سیلاب اور سیاسی عدم استحکام کا سامنا رہا، سیاسی عدم استحکام اور سیلاب کے باعث مہنگائی اور شرح نمو کم رہی تاہم مستحکم گروتھ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کی معیشت کے لیے شراکت داری جاری رہے گی۔

Related Articles

Back to top button