بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کنگ خان کی فلم رئیس سے ہندی سنیما میں انٹری دینے والی پاکستانی سُپر اسٹار ماہرہ خان اب ملیالم فلم انڈسٹری میں بھی قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندی اُٹھنے کے بعد اب خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف اداکار و ہدایت کار پرتھوی راج اپنی نئی فلم میں ماہرہ خان کو کاسٹ کرنے والے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی اداکارہ فلم لوسیفر کے سیکوئل ’ایل ٹو: ایمپوران‘ (L2: Empuraan) میں ملیالم سُپر اسٹار موہن لال کے ہمراہ جلوہ گر ہوں گی۔
واضح رہے کہ تاحال اس حوالے سے ہدایت کار پرتھوی راج کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ خبریں اس لیے گردش کر رہی ہیں کیونکہ ہدایت کار پرتھوی راج اور ان کی اہلیہ کی ماہرہ خان اور ان کے شوہر سلیم کریم سے گہری دوستی ہے اور اداکارہ ملیالم فلموں کی بہت بڑی مداح ہیں جس کا ذکر وہ ماضی میں کئی بار اپنے انٹرویوز میں کر چکی ہیں۔