بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اداکارہ سوناکشی سنہا اپنے دوست اداکار ظہیر اقبال کے ساتھ 23 جون کو ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں اداکاروں کی شادی کی تقریبات ممبئی میں ہوں گی، دوسری جانب شادی کا دعوت نامہ میگزین کے سرورق کی طرح ڈیزائن کیا گیا ہے جس پر درج ہے کہ ‘افواہیں سچ ثابت ہوئیں‘۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ سوناکشی اور ظہیر کی شادی میں ان کے قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد کے علاوہ ویب سیریز ہیرامنڈی کی تمام کاسٹ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ سوناکشی اور اداکار ظہیر کے تعلقات کے حوالے سے کئی عرصے سے چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں تاہم عوامی سطح پر دونوں اداکاروں کی جانب سے تاحال ایک دوسرے کیلئے کوئی بات نہیں کی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں اداکاروں کی مختلف تقریبات میں ایک ساتھ شرکت اور سوشل میڈیا پوسٹس ان کے تعلق کی تائید کرتی ہیں، رواں ماہ ظہیر نے سوناکشی کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے انھیں سالگرہ کی مبارکباد دی تھی جس کا کیپشن تھا’ہیپی برتھ ڈے سونزز ‘
واضح رہے کہ سوناکشی سنہا آخری بار سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ہیرامنڈی میں جلوہ گر ہوئی تھیں۔