شوبز کی خبریں

کنسرٹ کا ٹکٹ نہ ملنے پر دلجیت دوسانجھ کی مداح نے کیا کیا؟

معروف بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کی مداح ان کے خلاف شکایت لے کر عدالت پہنچ گئی، گلوکار کو قانونی نوٹس بھی بھیجوا دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شمالی امریکا اور کینیڈا کے کئی شہروں میں کنسرٹ ٹور ’دل لومیناٹی‘ کی شاندار کامیابی کے بعد اب گلوکار بھارت کے مختلف شہروں میں بھی دل لومیناٹی کے نام سے کنسرٹ کرنے والے ہیں جو آئندہ ماہ 26 اکتوبر 2024ء سے شروع ہونے والا ہے۔

اس کنسرٹ سے متعلق خبریں پہلے ہی شہ سرخیوں کا حصہ بننے لگی ہیں لیکن ان کی وجوہات ذرا مختلف ہیں۔

حال ہی میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں ہونے والے کنسرٹ کے ٹکٹس آن لائن فروخت کیے گئے جو دیکھتے ہی دیکھتے ایک منٹ میں فروخت ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق دلجیت کی خاتون مداح نے ٹکٹ نہ ملنے پر گلوکار کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کنسرٹ کی ٹکٹ آن لائن فروخت کے لیے دن 1 بجے کا وقت دیا گیا تھا لیکن شو کے منتظمین نے اسے 12 بج کر 59 منٹ پر کھول دیا اور ایک منٹ میں ہی سارے ٹکٹس فروخت ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی سے تعلق رکھنے والی خاتون مداح دھیما نے جب 1 بجے سائٹ کھولی تو شو کے سارے ٹکٹس فروخت ہو چکے تھے اور ان کے اکاؤنٹ سے پیسے کاٹ لیے گئے تھے تاہم ایک منٹ پہلے ہی ٹکٹس ختم ہونے کا کہہ کر پیسے واپس کر دیے گئے۔

خاتون مداح نے قانونی نوٹس میں دلجیت اور شو انتظامیہ پر ٹکٹ بلیک کرنے اور صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔

خیال رہے کہ دلجیت دوسانجھ شمالی امریکا کے کنسرٹس سے 234 کروڑ بھارتی روپے کما چکے ہیں۔

ان کے امریکا میں ہونے والے کنسرٹس کے ٹکٹ 55 ہزار ڈالرز یعنی 46 لاکھ بھارتی روپے (1 کروڑ 53 لاکھ پاکستانی روپے) سے لے کر 64 ہزار ڈالرز یعنی 54 لاکھ بھارتی روپے (ایک کروڑ 78 لاکھ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوئے ہیں۔

Related Articles

Back to top button