معروف اداکارہ خطرناک حادثے کا شکار
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں پوسار میٹرو اسٹیشن کے قریب میٹرو پروجیکٹ پر کام کرنے والے مزدوروں کو بھارتی اداکارہ کی کار نے کچل دیا۔
ممبئی پولیس کے مطابق کاندیولی میں مراٹھی فلموں کی مشہور اداکارہ کی کار کی زد میں آکر ایک مزدور ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا جبکہ شوٹنگ سے واپسی آنے والی اداکارہ اور کار ڈرائیور کو بھی چوٹیں آئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مراٹھی فلموں کی اداکارہ ارمیلا کوٹھاری جمعہ کی رات شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد گھر لوٹ رہی تھیں جب ان کے ڈرائیور سے کار بے قابو ہوکر پوسار میٹرو اسٹیشن کے قریب میٹرو پروجیکٹ پر کام کرنے والے مزدوروں پر چڑھ گئی۔
پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بے قابو کار نے دو مزدوروں کو ٹکر ماری تھی جس میں سے ایک مزدور کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ دوسرے کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
کار ڈرائیور کو بھی شدید چوٹیں آئیں لیکن حادثے کے وقت کار کے ایئر بیگ بروقت کھلنے کی وجہ سے اداکارہ زیادہ زخمی ہونے سے محفوظ رہیں۔
پولیس کے مطابق کار تیز رفتاری سے چلائی جارہی تھی اور اداکارہ ارمیلا کوٹھاری کا ڈرائیور گاڑی چلا رہا تھا۔ ڈرائیور کے خلاف تیز رفتار ڈرائیونگ اور لاپرواہی سے موت کا باعث بننے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔