یشما گل نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھنے کےلیے نہ صرف یومیہ ورزش کرتی ہیں بلکہ وہ اچھی غذا کے انتخاب سمیت ذہنی مسائل ہونے پر ماہرین سے رجوع بھی کرتی ہیں۔
اداکارہ نے شادی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں میں یہ تاثر ہوتا ہے کہ ملازمت پیشہ خواتین اور خصوصی طور پر اداکاراؤں کو شادی کی ضرورت نہیں ہوتی جو کہ غلط خیال ہے۔
یشما گل کے مطابق ملازمت پیشہ خواتین اور اداکارائیں بھی اتنی ہی عورتیں ہوتی ہیں جتنی کہ دوسری ہوتی ہیں اور انہیں بھی دوسری خواتین کی طرح شادی کی ضرورت ہوتی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ درحقیقت اداکاراؤں یا ملازمت پیشہ خواتین کو شادی یا ساتھی کی باقی عورتوں سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے، کیوں کہ انہیں کام کے دوران متعدد مسائل پیش آتے ہیں، اس لیے انہیں ساتھی کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں میں یہ تاثر بھی ہوتا ہے کہ شوبز میں کام کرنے والی خواتین ہر وقت باہر ہوتی ہیں، پتا نہیں وہ گھر کو وقت دے پائیں گی یا نہیں اور پھر وہ شادی کی اہمیت کو سمجھتی ہیں یا نہیں؟
اداکارہ کے مطابق عوام شادی سے متعلق شوبز کی خواتین کے بارے میں ٖغلط تاثر رکھتے ہیں، اداکاراؤں کو بھی گھر سنبھالنا، کھانا بنانا اور گھر کا ہر کام کرنا آتا ہے اور انہیں بھی شادی کی اہمیت کا علم ہے۔
یشما گل نے کہا کہ اگر ان کے لیے خاندان میں کبھی کبھار کوئی رشتہ آتا بھی ہے تو سب سے پہلے رشتہ لے کر آنے والوں کا یہ مطالبہ ہوتاہے کہ لڑکی شوبز میں کام کرنا چھوڑ دے اور وہ ایسا کرنا نہیں چاہتیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ لیکن اگر انہیں ان کے خیالات کے مطابق 100 فیصد درست مرد ملا تو وہ ان کے لیے شوبز بھی چھوڑ دیں گی۔
یشما گل نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں ہونے والے شوہر سے متعلق بھی بیان دیا تھا لیکن اس باوجود تاحال انہیں کوئی رشتہ موصول نہیں ہوا، انہوں نے اپنی دوستوں کی والداؤں کو رشتہ ڈھونڈنے کے لیے کہ رکھا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعض مرد ان سمیت اداکاراؤں سے تعلقات اور شادی کے لیے رابطہ بھی نہیں کرتے، کیوں کہ ایسے لوگوں کو لگتا ہے کہ وہ اداکارائیں مغرور ہوتی ہیں، ان کے پاس وقت نہیں ہوتا، ان کی دنیا کوئی اور ہوتی ہے۔
یشما گل نے واضح کیا کہ ایسا کچھ نہیں ہوتا، اداکارائیں بھی عام انسان ہیں، ان کی دنیا میں بھی مسائل ہوتے ہیں، اگر کوئی اچھا شخص ہے تو وہ اداکاراؤں سے بھی شادی کے لیے رابطہ کر سکتا ہے۔
خیال رہے کہ ماضی میں یشما گل نے کہا تھا کہ وہ ایسے شخص سے شادی کریں گی جس کے دل میں خدا کا خوف ہوگا۔
اس سے قبل انہوں نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ رشتہ کرانے والی آنٹی نے ان سے رشتے کے لیے 8 لاکھ روپے مانگے تھے۔
گزشتہ برس یشما گل نے ایک ڈیٹنگ ایپلی کیشن کی تشہیری مہم کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ڈیٹنگ ایپلی کیشن پر اکاؤنٹ بنانے کے بعد انہیں 10 ہزار سے زائد افراد نے شادی کی پیش کش کی۔