جویریہ سعود نے حال ہی میں ایک صحافی سے مختصر بات کرتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی ان کا لکھا گیا کہ ڈراما ’محبت اور مہنگائی‘ نشر ہونے والا ہے، جس کی شوٹنگ جاری ہے۔
مذکورہ ڈرامے کے شوٹنگ سیٹ پر بات کرتے ہوئے جویریہ سعود نے بتایا کہ انہوں نے ہمیشہ عوام مسائل اور ان کی کہانیوں پر ڈرامے لکھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان سے فنٹیسی کہانیاں نہیں لکھی جاتیں، وہ اپنے ارد گرد اور معاشرے میں ہونے والے مسائل کو دیکھ کر کہانیاں لکھتی ہیں، تاکہ دیکھنے والے کہانیوں کو خود سے جوڑ سکیں۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ اب تک وہ متعدد ڈراموں کی کہانیاں لکھ چکی ہیں، جنہیں نشر ہونے کے بعد کافی پسند بھی کیا گیا، کیوں کہ ان کی کہانیاں عوام کے مسائل پر مبنی تھیں۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں ڈراما لکھاریوں پر طنز کیا کہ لکھاری دماغ استعمال نہیں کرتے جب کہ انہیں دماغ کا درست استعمال آتا ہے۔
جویریہ سعود کے مطابق انہوں نے نہ صرف ڈرامے بلکہ سوپ پلے اور ٹیلی فلموں کی کہانیاں بھی لکھیں، جو نشر ہونے کے بعد کافی مقبول بھی ہوئے۔
ڈراموں کی کہانیاں لکھنے کے انکشاف سے قبل جویریہ سعود نے گزشتہ برس یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ انہوں نے متعدد مقبول ڈراموں کے ’او ایس ٹی‘ گانے بھی لکھے لیکن انہیں گانوں کا کریڈٹ نہیں دیا گیا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ’خدا اور محبت سمیت عشق مرشد‘ کے گانے بھی انہوں نے لکھے لیکن انہیں کریڈٹ نہیں دیا گیا۔