شوبز کی خبریں
بیویاں اپنے شوہروں کو وہ مقام اور عزت دیں جس کے وہ مستحق ہیں: صبا فیصل
سینئر اداکارہ صبا فیصل نے حالیہ پوڈکاسٹ میں شوہر کے فیصلے کو کامیاب گھر کی بنیاد قرار دیا۔
احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران انہوں نے میاں بیوی کے تعلقات اور زندگی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔
صبا فیصل نے اپنی والدہ کا مشورہ شیئر کرتے ہوئے کہا، "میری امی نے مجھے کہا تھا کہ شوہر سے ایک قدم پیچھے رہنا تاکہ ضرورت پڑنے پر سر اٹھاؤ تو شوہر کا سہارا نظر آئے، نہ کہ کھلا آسمان۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ایک حد تک میاں بیوی برابر ہیں، لیکن اللہ نے شوہر کو خاص مقام دیا ہے۔ ان کے مطابق، "وہ گھر زیادہ کامیاب ہوتے ہیں جہاں آخری فیصلہ مرد کرتا ہے، کیونکہ عورت جذباتی ہوتی ہے اور مستقل مزاجی سے فیصلے نہیں کر سکتی۔”
صبا فیصل نے بیویوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے شوہروں کو وہ مقام اور عزت دیں جس کے وہ مستحق ہیں۔ ان کی باتوں پر سوشل میڈیا پر تبصرے اور بحث جاری ہے، جہاں کچھ ان کی رائے سے متفق ہیں اور کچھ نے اختلاف کیا ہے۔