یوزویندرچاہل اور دھناشری ورما میں علیحدگی، حیران کن انکشاف

بھارتی جوڑے نے تصدیقی بیان میں باہمی رضامندی اور خوش اسلوبی سے علیحدگی کا اعلان کیا، جن کے درمیان شادی باضابطہ طور پر 20 مارچ کو اختتام کو پہنچ گئی۔ یوزویندر چاہل اور دھناشری ورما نے علیحدگی کا اعلان تو کیا لیکن اس کی اصل وجوہات سے پردہ نہیں اٹھایا، تاہم بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں وجہ سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا نے سینئر انٹرٹینمنٹ جرنلسٹ وکی لالوانی کے دعویٰ کو شائع کیا، جس میں کہا گیا کہ جوڑے کی علیحدگی کی وجہ رہائش کے معاملات تھے، دھناشری ورما اپنے شوہر کو ممبئی منتقل کرنا چاہتی تھیں۔دسمبر 2020ء میں شادی کے بعد سے دھناشری اور چاہل ہریانہ میں کرکٹر کے والدین کے ساتھ رہنے چلے گئے تھے۔ دھناشری نے چند دن بعد ہی ممبئی منتقلی کی خواہش ظاہر کی جو مبینہ طور پر چاہل کو پسند نہیں آئی، کرکٹر صرف ضرورت پڑنے پر ممبئی آنے کے حامی تھے۔
صحافی نے دعویٰ کیا کہ ممبئی اور ہریانہ کا جھگڑا ہی مشہور جوڑے کی علیحدگی کی بڑی وجہ ہے کیونکہ یوزویندر کا واضح موقف تھا کہ وہ اپنے والدین اور ماحول کو چھوڑ کر کہیں بھی منتقل نہیں ہوگا۔ بھارتی صحافی کے دعووں کی تاحال جوڑے نے اور نہ ہی اُن کے اہلخانہ نے تصدیق کی، صرف بیان میں یہ کہا گیا کہ ہم باہمی رضا مندی سے علیحدہ ہورہے ہیں۔
ممبئی کی باندرا فیملی کورٹ نے جوڑے کی طلاق کی منظوری دی، چاہل فی الحال آئی پی ایل 2025ء میں مصروف ہیں، کرکٹرر نے دھناشری ورما کو 4 کروڑ 75 لاکھ روپے ہرجانے کی ادائیگی پر اتفاق کیا، جن میں سے 2 کروڑ 37 لاکھ وہ پہلے ہی ادا کرچکے ہیں، باقی رقم قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جلد ادا کی جائے گی۔