بے قراراں کو علی سیٹھی اور زیب بنگش نے گایا ہے جبکہ ماہرہ خان اور بلال اشرف کسی خالی تھیٹر میں رقص کرتے نظر آئے ہیں۔
گزشتہ ماہ ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر اس فلم کے گانے کی مختصر آڈیو کی ویڈیو اور اپنے کردار کی جھلک شیئر کی تھی۔
ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر فلم کی 2 تصاویر جاری کیں جن میں سے ایک تصویر میں وہ مرکزی اداکار بلال اشرف کے ساتھ رومانوی انداز میں دکھائی دیں جبکہ دوسری تصویر میں وہ تنہا دکھائی دے رہی ہیں۔
اداکارہ نے فلم کی پہلی جھلک اور گانے کی آڈیو شیئر کرتے ہوئے جذباتی جملہ لکھا کہ ہر فلم کا اپنا سفراور اپنی منزل ہوتا ہے، انہوں نے اس کا بے حد انتطارکیا، لیکن اس فلم کا اپنا دل ہے جس کی اپنی ہی دھڑکن ہے اور میں یہاں اپنے دل کے ٹکڑے کی پہلی دھڑکن شیئر کر رہی ہوں۔
اب اس نئے گانے کے ریلز کا اعلان بھی ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر کرتے ہوئے اس سوشل میڈیا سائٹ پر اپنے مداحوں سے دلچسپ بات چیت کرتے ہوئے مختلف سوالات کے جواب دیئے۔
ابھی یہ تو معلوم نہیں کہ اس فلم کی کہانی کیا ہوگی، مگر اندازہ ہے کہ اس کا پلاٹ شونز انڈسٹری کے سپراسٹارز کی چمکتی دمکتی زندگی کے حوالے سے ہوگا۔
فلم میں ماہرہ خان نوری جب کہ بلال اشرف سمیر کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
فلم کی ہدایات محمد احتشام الدین نے دی ہیں، اس کی کہانی اذان سمیع خان نے لکھی ہے۔
فلم میں ماہرہ خان اور بلال اشرف کے علاوہ جاوید شیخ، ندیم بیگ، عاصمہ عباس اور علی کاظمی سمیت دیگر اداکار نظر آئیں گے۔