بین الاقوامی

لبنان میں پیجر دھماکوں میں ایرانی سفیر بھی زخمی

لبنان میں ہونے والے پیجر ڈیوائسز کے دھماکوں میں ایرانی سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوگئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق بیروت میں ایرانی سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مجتبیٰ امانی معمولی زخمی ہیں، انہیں طبی امداد کے لیے بیروت کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ ایرانی سفارت خانے کے مزید 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ایرانی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہےکہ اسرائیل کی جانب سے لبنان اور شام میں بڑا سائبر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں پیجر دھماکے سے پھٹ گئے اور ہزاروں افراد زخمی ہوگئے۔

ایران کی جانب سے فوری طور کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے پیجر میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے۔ رابطوں کے لیے محفوظ سمجھی جانے والی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سے حزب اللہ کے کئی ارکان زخمی ہوئے، اسپتال زخمیوں سے بھر چکے ہیں، کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

لبنانی وزارت صحت کی جانب سے عوام سے زخمیوں کے لیے خون کے عطیات دینےکی اپیل کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لبنان: حزب اللہ اراکین کے پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے، 8 شہید، ڈھائی ہزار سے زائد زخمی

لبنانی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ پیجر دھماکوں میں ایک بچے سمیت 8 افراد شہید ہوئے ہیں جب کہ دھماکوں میں زخمیوں کی تعداد 2 ہزار 750 سے زیادہ ہوگئی ہے، زخمیوں میں سے 200 کی حالت تشویشناک ہے۔

Related Articles

Back to top button