امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ واقعہ نیو اورلینز شہر تاریخی مرکز فرانسیسی کوارٹرکی بوربن اسٹریٹ پر پیش آیا ہے، جہاں لوگ نئے سال کی تقریبات منانے کے لیے جمع تھے۔
شہر کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق ایک اوپن ایئر کنسرٹ اور نئے سال کے ’کاؤنٹ ڈائون‘ میں شرکت کے لیے ہزاروں لوگ جمع تھے، ریستورانوں نے خصوصی آفرز اور پرفارمنس کا اہتمام کر رکھا تھا، شہر کی ہم جنس پرست کمیونٹی کے مرکز بوربن اسٹریٹ پر رقص اور ڈریگ کیبری پر مبنی ایل جی بی ٹی کیو پارٹیاں منعقد ہو رہی تھیں۔
شہر کی ہنگامی تیاری کی مہم نولا ریڈی کی جانب سے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا گیا کہ ’اپنے آپ کو اس علاقے سے دور رکھو‘۔
مشہور فرانسیسی کوارٹر میں یہ واقعہ اس سے چند گھنٹے پہلے پیش آیا، جب شہر میں ایک سالانہ کالج فٹ بال کھیل ’شوگر باؤل‘ کی میزبانی متوقع ہے، جو ملک بھر سے شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، جارجیا یونیورسٹی نوٹر ڈیم اس مقابلے کا اہتمام کرتی ہے۔
شہر کی پولیس نے دو روز قبل کہا تھا کہ سال نو کی تقریبات کے دوران سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے اور 300 پولیس افسران و اہلکار وہاں موجود ہوں گے۔
لوزیانا کے گورنر جیف لینڈری نے بدھ کی صبح بوربن اسٹریٹ پر پیش آنے والے اس واقعے کو ’تشدد کا ہولناک واقعہ‘ قرار دیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ بوربن اسٹریٹ پر تشدد کا ایک ہولناک واقعہ پیش آیا، براہ مہربانی میرے ساتھ شامل ہوں اور موقع پر موجود تمام متاثرین کے لیے دعا کریں، انہوں اپیل کی کہ جائے وقوعہ کے ارد گرد جانے سے گریز کیا جائے۔
نیو اورلینز کے پولیس چیف نے کہا کہ کار ہجوم سے ٹکرانے کے واقعے میں مرنے والوں میں زیادہ تر افراد مقامی ہیں۔