X

Punjab Ads – Smartest way of Business Marketing

بھارتی فوج کی گیدڑ بھبکیاں، چین اور پاکستان دونوں ممالک کے ساتھ بیک وقت جنگ کیلئے تیار

گزشتہ دنوں بڑھک مارتے ہوئے بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے کہا کہ بھارت چین اور پاکستان دونوں ممالک کے ساتھ بیک وقت جنگ کیلئے تیار ہے اور اس سلسلے میں بھارت کی دفاعی صلاحیت پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔

بھارتی فوج کے سربراہ نے پاکستان کو احمقانہ جنگی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد باز نہ آیا تو بھارت فیصلہ کن کارروائی کرنے کو تیارہے“۔ بھارتی فوجی سربراہ کے اس غیرزمہ دارانہ بیان پر اہل عقل حیران ہیں کہ ان کو کس بات پر گھمنڈ ہے اور کیا وہ دوسرے ملکوں کو بالکل ہی نہتا سمجھتے ہیں۔ پاکستان بھارت سے تعلقات بہتر کرنے کی جتنی بھی کوششیں کر لے لیکن بھارت کا جنگی جنون اسے مذاکرات کی میز پر آنے نہیں دیتا۔

پاکستان کی جانب سے بھارت کیلئے خیر سگالی کے جذبات اور پائیدار امن کی خواہش کے بار بار اظہار کی ساری دنیا معترف ہے لیکن بھارت کی جانب سے آئے روز ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جاتی ہے ، اور بھارت میں ہونے والی کسی بھی دہشتگردی کا الزام بغیر سوچے سمجھے پاکستان پر عائد کر دیا جاتا ہے ۔ جبکہ خود بھارت پاکستان میں لسانی اور مذہبی نعروں کے ساتھ دہشت گردی سمیت منفی سرگرمیوں میں ملوث رہاہے اور پاکستان دشمن عناصر کی تربیت اور امداد کے لئے عشروں سے بھارت میں کھلم کھلا کیمپ قائم ہیں۔

بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ تو دہلی سرکار کے ایماءپر پاکستان کی سلامتی کیخلاف خفیہ سے زیادہ اعلانیہ سازشوں میں مصروف رہتی ہے جسے بھارت نے اس معاملہ میں فری ہینڈ دے رکھا ہے ۔ چنانچہ وہ بھاری فنڈنگ کے ساتھ پاکستان کی سلامتی کے تحفظ ،استحکام اور ترقی کے مقصد کے تحت شروع کئے گئے ہر منصوبہ کو سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی، اور گھناﺅنی سازش کرتی رہتی ہے۔ جس کیلئے پاکستان کے اندر سے ہی لوگوں کو ہائر کرکے انہیں اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ، اس مقصد کیلئے انکی باقاعدہ تربیت کی جاتی ہے اور اپنی سرپرستی میں اسلحہ اور پیسہ دے کر پاکستان کی سلامتی کمزور کرنے کے مختلف منصوبوں پر مامور کیا جاتا ہے۔

بھارتی بحریہ کے حاضر سروس افسر کلبوشن یادیو کی سرکردگی میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کوششوں کا خطرناک کھیل بھی ساری دنیا کے سامنے ہے ۔ تاریخ میں ایسے افسوسناک واقعات کی کمی نہیں جن کا مقصد مخصوص مفادات کے لئے تعصبات کو ہوا دینا رہا ہے ۔

 پاکستان امن کا خواہشمند ضرور ہے مگر اپنی سرحدوں کی حفاظت سے غافل ہرگز نہیں ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان کے پاس یہ قابلیت موجود ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کی حفاظت زمینی، بحری، فضائی اور اقتصادی حملوں سمیت کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا مقابلہ اچھی طرح سے کرسکتا ہے۔ پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے ،کئی حوالوں سے پاک فوج دنیا کی افواج پر اپنی مہارت میں خصوصی حالات سے کندن بن کر گزرنے کے باعث فوقیت رکھتی ہے ، اور کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والی ہرگز نہیں۔

 

Ahsan MuGhaL: Hi, This is Ahsan Mughal CEO at Google Gangs belongs to Narowal, Pakistan. I work as a Blogger, Youtuber, Graphic Designer, Web Designer, Video Editor, Seo Expert, etc having experience more than 5 years.

This website uses cookies.