آئل ٹینکر کو ضبط کرنے پر برطانیہ کو بھر پور جواب دیا جائے گا: ایرانی آرمی چیف
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے آرمی چیف نے آئل ٹینکر کو تحویل میں لینے اور رہا نہ کرنے کی ضد پر قائم برطانیہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ کو بھرپور اور مناسب جواب دینا ضروری ہو گیا ہے۔
میجر جنرل محمد باقری نے ایرانی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایرانی آئل ٹینکر کو بے بنیاد وجوہات کی بنا پر روکا گیا ہے، یہ عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے اور ایرانی تنصیبات اور مفادات کے تحفظ کیلیے ہر حد تک جائیں گے۔
دوسری جانب برطانیہ ایرانی آئل ٹینکر کے شام کو پابندی کے باوجود خام تیل کی سپلائی میں ملوث ہونے کے اپنے سابق موقف پر قائم ہے اور ایران کے دباؤ کے باوجود آئل ٹینکر کی رہائی کو عالمی قوانین کی پاسداری سے مشروط کردیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات برطانوی بحریہ نے جبرالٹر کے پانیوں میں ایرانی تیل بردار جہاز کو یورپی یونین کی جانب سے شام کو تیل کی سپلائی پر عائد پابندی کی خلاف ورزی پر تحویل میں لے لیا تھا جب کہ ایران نے برطانوی الزام کو مسترد کردیا تھا۔