فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں، القدس اور غرب اردن میں کریک ڈاؤن کرتے انیس نہتے اور معصوم فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی افواج نے 19 فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گرفتار کئے گئے بے گناہوں کو حراستی مراکز منتقل کردیا گیا۔
گرفتار کیے گئے شہریوں میں سابق اسیران، نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بھی شامل ہیں۔ ادھر اسرائیلی افواج نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غرب اردن سے 9 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ان میں سے بعض اسرائیلی فوج کو مزاحمتی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔
بیت لحم کے مغربی علاقے میں بھی فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ بیت المقدس میں فلسطینی اسیران کمیٹی کے چیرمین نے بتایا کہ اسرائیلی افواج نے سابق اسیران احمد غزالہ، محمد ابراہیم دویات، محمد ماھر الکرکی اور مامون الرازم کو حراست میں لے لیا۔