عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے تکنیکی وفد تہران بھیجے جانے کے بعد اب ایران نے بھی اپنا وفد سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے جمعہ تک سعودی عرب جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے وفد سعودی عرب بھیجنے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کی راہ مزید ہموار کرنا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ایران کے ڈپٹی وزیر خارجہ نے سرکاری ٹی وی پر دیے گئے بیان میں کہا کہ ہم وزارت خارجہ کا ایک وفد جمعہ تک سعودی عرب بھیجنے پر غور کررہے ہیں، اس سلسلے میں دو الگ الگ وفود جدہ اور ریاض جائیں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے 2016 کے بعد سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ کیا جس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی ہوچکی ہے جب کہ ایرانی صدر نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی جانب سے دورہ سعودیہ کی دعوت بھی قبول کرلی ہے۔