بین الاقوامی

ابراہیم رئیسی کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو ایران کے دورے کی دعوت

سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات بحالی کی راہ پر گامزن ہیں اور تازہ ترین پیش رفت یہ ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سعودی شاہ سلمان کو تہران کے دورے کی دعوت دی ہے۔

اس حوالے سے ایران کے محکمہ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے باضابطہ طور پر سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ایران کے دورے کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کو ریاض کی جانب سے دورے کی دعوت موصول ہوئی تھی جس کے جواب میں ایرانی صدر نے بھی سعودی شاہ کو دورے کی دعوت دی ہے۔

ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم نے رپورٹ کیا کہ دونوں ممالک کے تکنیکی وفود اپنے سفارتی مشن کو باضابطہ طور پر دوبارہ کھولنے کی تیاری کر رہے ہیں جب کہ ایران نے کہا ہے کہ یہ سفارتی مشن 9 مئی تک اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ سعودی بادشاہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایرانی صدر کو ریاض آنے کی دعوت دی تھی جس پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے حالیہ معاہدے کو آگے بڑھانے کے پیش نظر سعودی فرمانروا کی طرف سے دورے کی دعوت کا خیرمقدم کیا تھا۔

Related Articles

Back to top button