بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے پرائیویٹ سیکٹر ملازمین کی کم از کم تنخواہ 3ہزار 200ریال (تقریباً 2لاکھ 63ہزار روپے) تھی، جسے بڑھا کر 4ہزار ریال (تقریباً 3لاکھ 28ہزار روپے) کردیا گیا ہے۔
ہیومن ریسورسز ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے یہ اضافہ کیا گیا ہے، جو 5ستمبر 2023ء سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔ ملازمین کو ملنے والی تنخواہیں اب بڑھ کر ملیں گی۔
فنڈز حکام نے اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بنیادی تنخواہ میں اضافے کا مقصد پرائیویٹ سیکٹر میں ملازمت کے لیے سعودی شہریوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
دوسری جانب سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لئے خاص ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمرے کے بعد لائسنس ہولڈرز حجاموں سے ہی اپنے بال منڈوائیں۔
وزارت حج و عمرہ نے ٹوئٹر (ایکس) پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عمرہ زائرین مقررہ باربر شاپس ہی سے بال ترشوانے یا منڈوانے کا اہتمام کریں۔’راستوں میں بال منڈوانے سے گریز کریں۔ اس سلسلے میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بنائے گئے قانون پرعمل درآمد میں تعاون کریں‘۔
وزارت کے مطابق سعودی حکومت نے حفظان صحت کے ضوابط کے مطابق باربر شاپس قائم کی ہیں۔ زائرین انہی شاپس سے اپنے بال منڈوانے کو ترجیج دیں۔