افغانستان میں زلزلے سے اموات کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار سے بڑھ گئی ہے، امدادی کارکن رات بھر مغربی افغانستان میں کچے گھروں میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف رہے۔
ہفتے کو آنے والے 6.3 کی شدت کے زلزلے کے بعد 8 زبردست آفٹر شاکس نے صوبائی دارالحکومت ہرات کے شمال مغرب میں 30 کلومیٹر (19 میل) کے فاصلے پر واقع علاقوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، زلزلے سے بڑی تعداد میں دیہی مکانات منہدم ہوئے اور خوف زدہ شہریوں نے رات سڑکوں پر گزاری۔
زلزلے کا مرکز خطے کے سب سے بڑے شہر ہرات کے قریب تھا، امریکی جیولوجیکل سروے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ زلزلے کا مرکز صوبہ پکتیا اور زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا نے بتایا کہ ہرات کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ، ہرات میں زلزلے کے بعد 5.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی آئے، افغانستان کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے ایران اور ترکمانستان میں بھی محسوس کیے گئے۔