پاکستان مسلم لیگ ن نے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ دانیال عزیز کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس ان کے 30 نومبر کے بیان پر جاری کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے دیے گئے شوکاز نوٹس میں دانیال عزیز سے 7 دن میں تحریری وضاحت مانگی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 30 نومبر کو دیے گئے اپنے بیان میں دانیال عزیز نے ملسم لیگ ن اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ احسن اقبال بلدیاتی حکومتوں کے بارے میں خود کو عقل کُل سمجھتے ہیں، انہیں مقامی حکومتوں سے متعلق تقریر جھاڑنے سے پہلے جواب دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین تھے ریکارڈ توڑ مہنگائی پر قابو کیوں نہ پا سکے؟ اس نااہلی کی وجہ سے ہماری حکومت عوامی سطح پر مکمل ناکام ہوگئی تھی، ہماری پارٹی مسلم لیگ ن مہنگائی کو کم رکھنے کا بہت اچھا ریکارڈ رکھتی تھی۔