الیکشن کمیشن نے آئندہ سال 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔ اسی حوالے سے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نیئر بخاری کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
نیئر بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہر حلقے سے امیدوار فائنل کر لیے ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں پی پی پی پارلیمان میں اکثریتی جماعت اور بلاول بھٹو وزیراعظم ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو خیبر پختونخواہ میں دوبارہ جلسوں سے خطاب کریں گے جب کہ پیپلز پارٹی پنجاب سے اپنا پورا حصہ حاصل کرے گی۔
نیئر بخاری نے پی پی مخالف انتخابی اتحاد کے حوالے سے کہا کہ پیپلز پارٹی کیخلاف اقتدار کے بھوکوں کا غیر فطری اتحاد نئی بات نہیں لیکن ہم بیساکھیوں اور سہاروں کے بجائے عوام الناس کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔