پاکستانی خبریں

پیپلز پارٹی چاہتی ہے بلاول بھٹو وزیراعظم ہوں: فیصل کریم کنڈی

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ ہمارے بغیر کوئی حکومت نہیں بن سکتی اس لیے پارٹی چاہتی ہے بلاول وزیراعظم ہوں۔

پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا مؤقف ہے کہ بلاول بھٹو وزیراعظم کے امیدوار ہوں، کیونکہ کوئی بھی اس پوزیشن میں نہیں کہ ہمارے بغیر حکومت بنائے، (ن) لیگ کی جہاں تک بات ہے تو عددی برتری تو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کوبھی حاصل ہے لیکن کوئی بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج شام پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس ہے جس میں تجاویز سامنے رکھی جائیں گی جس کے بعد فیصلہ کیا جائےگا لیکن میری ذاتی تجویز ہے کہ بلاول اگر وزیراعظم نہیں بنتے تو بہتر ہے ہم حکومت کا حصہ نہ بنیں اور اپوزیشن میں بیٹھیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومتوں میں تو ری الیکشن بھی ہوسکتے ہیں مگر یہ میری ذاتی تجویز ہے جب کہ ماضی میں بھی 16 ماہ کا اچھا تجربہ نہیں رہا، اگر دوبارہ پی ڈی ایم پارٹی ٹو آتی ہے تو میں نہیں سمجھتا اچھے طریقے سے چل سکتی ہے اور اس حوالے سے پارٹی کے لوگوں کے بھی خدشات ہیں اس لیے میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ اس سے بہتر ہے ہم اپوزیشن میں بیٹھ جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی ہوسکتا ہےکہ ہم (ن) لیگ کے وزیراعظم کو ووٹ دیں اور اپوزیشن میں بیٹھ جائیں پھر وہ حکومت بنائیں، اپوزیشن لیڈر کا عہدہ ہمارے پاس ہو یا نہ ہو مگر ہم اچھی اپوزیشن کرسکتے ہیں۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی اور سکیورٹی صورتحال بہت خراب ہے، بہت سے چیلنجز ہیں جن کا حکومت کو سامنا ہوگا، اگلی حکومت بہت مسائل کا شکاربھی ہوگی،اس کے پاس اکثریت بھی نہیں ہوگی۔

Related Articles

Back to top button