پاکستانی خبریں

پی ٹی آئی کے اتحاد کے اعلان پر مجلس وحدت المسلمین کا موقف سامنے آگیا

حکومت سازی کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے متحدہ وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے ساتھ اتحاد کے اعلان پر چئیرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر نے جواب دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں علامہ راجہ ناصر نے لکھا کہ ’پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ کامیاب اراکین اسمبلی کی مجلس وحدت المسلمین میں شمولیت کے فیصلے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ مجلس وحدت المسلمین عمران خان کی اپنی جماعت ہے اور وہ اس جماعت کے حوالے سے جو چاہے فیصلہ کر سکتے ہیں، ہم اسے بلامشروط اور من وعن قبول کریں گے‘۔

علامہ راجہ ناصر نے لکھا کہ ’ہمارا روز اول سے یہ مؤقف بھی رہا ہے اور ہم نے اپنے عمل و کردار سے بھی یہ ثابت کیا ہے کہ ہم کسی جماعت پر بوجھ نہیں بنتے بلکہ مشکل وقت میں باوفا دوست بن کر ساتھ نبھاتے ہیں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا اتحاد، آزاد خارجہ پالیسی، داخلی خودمختاری، سرحدوں کے تحفظ، عالمی طاقتوں کی غلامی سے انکار، مسلم ممالک سے برادرانہ تعلقات اور گلگت بلتستان کے لیے آئینی حقوق کے حصول کے بیانیہ کی بنیاد پر ہے، جو خون کے آخری قطرے تک قائم رہے گا‘۔

علامہ راجہ ناصر نے لکھا کہ ’عمران خان کی قیادت میں پوری قوم مل کر وطن عزیز کو ایک آزاد، خود مختار اور باوقار ریاست بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی‘۔

Related Articles

Back to top button