نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کےنیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور ممکنہ آندھی، طوفان اور بارشوں کے پیش نظر گلاف الرٹ جاری کر دیا۔
خیبر پختون خواہ اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشئرز کے پگھلنے کا عمل تیزہونے اور ممکنہ بارش کے سلسلے کے باعث 17تا23جولائی کے دوران مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور جھیلوں کے سیلاب کے علاوہ لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے پی کے اور گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی رکاوٹ، سڑک کی بندش اور نقصان کی صورت میں ضروری آلات کے انتظامات اور پہلے سے تعیناتی کے ساتھ ساتھ غیر محفوظ مقامات پر ایمرجنسی اہلکاروں کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔
محکموں کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی کمیونٹی، سیاحوں اور خطرے سے دوچار علاقوں میں مسافروں کو الرٹ رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریزکرنے کے لیے پہلے سے خبردار کریں۔
متعلقہ محکمے خطرے دو چار علاقوں میں لوگوں کے بر وقت انخلاء کو یقینی بنانے کے لیے فرضی مشقیں بھی تشکیل دیں تا کہ بوقت ضرورت عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔