پاکستانی خبریں

بنوں واقعہ، وزیراعلیٰ کے پی کا جرگے کے مطالبات ایپکس کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں واقعہ سے متعلق تشکیل کردہ جرگے کے مطالبات ایپکس کمیٹی کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کرلیا، جرگے کے ارکان نے ایپکس کمیٹی کا فیصلہ آنے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

بنوں واقعہ سے متعلق تشکیل کردہ جرگہ ارکان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کرکے اپنے مطالبات پیش کیے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہونی والی اس ملاقات کے دوران پیش کیے گئے مطالبات میں آپریشن عزم استحکام کی مخالفت اور مسلح گروپوں کا خاتمہ شامل تھا۔

جرگہ ارکان کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات میں پولیس کو با اختیار بنانے اور رات کو گشت کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہیں جبکہ سرچ آپریشن یا دہشتگردوں کے خلاف کارروائی سکیورٹی فورسز کے بجائے سی ٹی ڈی کو کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

جرگے کے صدر ناصر خان بنگش نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ہمارے تمام مطالبات سن لیے اور کہا کہ مطالبات سے متعلق ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں جرگے کے 5 اراکین بھی شرکت کریں گے اور ایپکس کمیٹی اجلاس میں مطالبات پر غور کیا جائے گا۔

ناصر خان بنگش نے کہا کہ بنوں میں دھرنا بدستور جاری رہے گا، جمعہ کے دن وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور بنوں کا دورہ کریں گے اس دوران وہ دھرنے کے شرکاء کے سامنے ایپکس کمیٹی کا فیصلہ رکھیں گے، وزیراعلیٰ کی جانب سے فیصلے سامنے رکھنے کے بعد دھرنا ختم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے جرگہ ارکان کی ملاقات کے دوران چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا پولیس سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

Related Articles

Back to top button