کن گھروں پر ٹیکس لگے گا؟ فیصلہ ہوگیا
میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب میں چھوٹے بڑے گھروں پرٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ ایکسائز کو آئندہ ماہ تمام گھروں کا ریکارڈ مرتب کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 5 مرلے یا اس سے اوپر والے تمام گھر کا ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے،جس کے بعد یکم جنوری سے ڈی سی ریٹ پر منتقلی کے بعد گھروں پر ٹیکس عائد کیا جائیگا۔ ڈی سی ریٹ کے مطابق 50 لاکھ سے اوپر کی ویلیو کے گھر ٹیکس نیٹ میں آئیں گے۔
یاد رہے پنجاب کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے صوبے میں کوڑا ٹیکس لگانے کی منظوری دی تھی، کابینہ کی منظوری کے بعد ٹیکس دیہی اور شہری علاقوں کے گھروں اور کاروباری مقامات پر لگایا جائے گا۔
دیہی علاقوں میں 5 مرلہ کے گھر پر 20 روپے، 10 مرلہ سے ایک کنال کے گھر پر40 روپے، دیہات میں چھوٹے کاروبار، دکانوں پر 300 روپے، درمیانے درجے کے کاروبار پر 700روپے جبکہ بڑے کاروبار پر ہزار روپے ماہانہ ٹیکس لگایا جائے گا۔
شہری آبادی میں 5 مرلہ گھر پر تین سو روپے، 10 مرلہ سے ایک کینال کے گھر پر 500 سے دو ہزار روپے اور ایک کینال سے بڑے گھر پر 5 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس لگایا جائے گا۔