پاکستانی خبریں

جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کا تبادلہ، 5 خارجی ہلاک، 4 جوان شہید

خیبرپختونخوا (کے پی) کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے کراما میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 5 خارجی دہشت گرد مارے گئے جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے 4 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق6 نومبر 2024 کو جنوبی وزیرستان کے علاقے کراما میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے نتیجے میں اپنی فوج کی مؤثرجوابی کارروائی سے 5 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے چار بہادر سپوت ضلع ٹانک سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ نائب صوبیدار طیب شاہ، ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ لانس نائیک گلاب زمان، 30 سالہ لانس نائیک مزمل محمود اور ضلع اورکزئی کے 28 سالہ لانس نائیک حبیب اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ شہید اہلکاروں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

قائم مقام صدر نے سیکیورٹی اہلکاروں کو کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کی خاطر فتنۃ الخوارج کے خلاف لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کی سرکوبی کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے، دفاع وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

قائم مقام صدر نے شہدا کے لیے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

Related Articles

Back to top button