کیا 24 نومبر کو کوئی بڑی رہائی ہورہی؟ فیصل واڈا نے وضاحت کردی
اسلام آباد میں سینیٹر فیصل واڈا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کبھی بھی کسی ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کی لیکن بیرون ملک سے پاکستانی معاملات میں مداخلت کی جارہی ہے، دیگر ممالک اپنے کام سے کام رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی تو بہت جگہ ہورہی ہے، کوئی آواز کیوں نہیں اٹھاتا، عافیہ صدیقی کے کیس پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی، فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تو کوئی خط نہیں لکھا گیا، کیا امریکا کو پاکستان میں دہشت گردی نظر نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ بتایا جائے پاکستان میں کہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے سب ڈرامہ کر رہے ہیں، ہر ماہ کال تبدیل ہوتی رہتی ہے، تاریخ تبدیل ہوئی تو کوئی حیرت نہیں ہوگی، ابھی نومبر میں کال ملی ہے یہ پھر جنوری میں جائے گی۔
فیصل واڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈال کر مراعات لی جارہی ہیں اور یہ ان کی آخری کال ہے، اسمبلیوں کو مداخلت روکنے کے لیے فرنٹ فٹ پر کردار ادا کرنا ہوگا، بتایا جائے علی امین گنڈاپور آج کیا پیغام لے کر اڈیالہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو کوئی اجازت نہیں دی جائے گی کہ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے، یہ ہماری ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان آج یہاں پر کھڑا ہے، آپ تجاویز دیں، مداخلت برداشت نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی کا سودا کرکے پی ٹی آئی رہنما ریلیف مانگ رہے ہیں، یہ اپنے بانی کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہے ہیں، پی ٹی آئی میں مخصوص ٹولہ اور ان کے بچے پیسے کما رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 24 نومبر کو ہی کیوں احتجاج کی کال دی کیونکہ 25 کو عمران خان پر فرد جرم عائد کی جائے گی تاہم 24 نومبر کو کوئی رہائی نہیں مل رہی ہے جب کہ جیسے 26ویں ترمیم آئی ویسے ہی 27ویں ترمیم بھی ٹھوک بجا کر ہوجائے گی۔