صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ نئے موٹڑ وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹس میں بارکوڈز سمیت جدید حفاظتی اقدامات ہوں گے، یہ اقدامات گاڑیوں کی فٹنس بڑھانے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد روڈ سیفٹی کو یقینی بنانا ہے، ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا، جعلی سرٹیفکیٹس کو روکنا، حکومتی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بھر کے ایم وی آئی ونگز میں محفوظ تمام پرانا ریکارڈ ضبط کرلیا جائے گا، ایپلی کیشن کا استعمال کرکے فٹنس سرٹیفکٹس کا مرکزی ڈیٹا بیس رکھا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ نئے نظام پر تعمیل یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس اور ایس ایس پیز سے مدد لی جائے گی، ہائی وے اور موٹروے پولیس سے بھی مدد لیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ نامزد افسران کی طرف سے باقاعدہ اسنیپ چیکنگ کی جائے گی، جعلی سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے انسپکٹرز کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔