بلوچستان کے طلباء و طالبات کےلیے اچھی خبر آگئی۔ بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ نے ای لرننگ ایپلی کیشن متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹیکسٹ بک بورڈ حکام کے مطابق بلوچستان کے طلباء و طالبات کے لیے لرننگ ایپ جلد ہی گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہوگی۔
حکام کے مطابق بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ ایل ایم ایس ای بک ایپ لانچ کر رہی ہے۔ ’بی ٹی بی بی آفیشل‘ کے نام سے ایپ رواں ماہ گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہوگی اور بعد میں آئی او ایس پر بھی لانچ کی جائے گی۔
حکام کے مطابق اس لرننگ ایپلی کیشن میں بلوچستان کے مکمل نصاب کی ای بُکس دستیاب ہوں گئیں۔
ٹیکسٹ بک بورڈ حکام کے مطابق لرننگ ایپ میں ویڈیو کورسز اور دیگر ڈیجیٹل تعلیمی سہولیات شامل کیے جائیں گے۔
چیئرمین بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ ڈاکٹر گلاب خلجی کے مطابق ایپ میں ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ طلباء اپنے مطالعہ کردہ مواد پر اپنی رائے اور ریویو دے سکیں گے۔ جس سے اساتذہ اور دیگر طلباء کو مفید معلومات حاصل ہوں گی۔