تعلیمی اداروں میں 16 دسمبر سے 28 فروری تک تعطیلات کا اعلان، نوٹی فکیشن جاری
صوبائی محکمہ تعلیم کے مطابق بلوچستان میں سردیوں کی طویل اور گرم علاقوں میں سردیوں کی مختصر تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق سرد علاقوں میں تعطیلات طویل ہوں گی، جو 16 دسمبر 2024ء سے 28 فروری 2025ء تک ہوں گی۔ اسی طرح گرم علاقوں میں تعطیلات کا دورانیہ مختصر رکھا گیا ہے جو 22 دسمبر تا 31 دسمبر 2024ء تک ہوگا۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوچکا ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سردرہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5ڈگری سینٹی گریڈ ریکار ڈ کیا گیا۔ ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
اسی طرح سبی 8 ، تربت 11 نوکنڈی منفی ایک ، چمن میں ایک، گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 13، جیوانی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈہوا۔