وزیر اعلیٰ پنجاب کی پارا چنار کے عوام کیلئے ادویات اور دیگر سامان بھیجنے کی ہدایت
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 21واں اجلاس ہوا۔ وزیراعلی نے پارا چنار کے عوام کے لیے امدادی سامان فوری طور پر بھجوانے کی ہدایت کر دی۔
مریم نواز نے کہا کہ پارا چنار کے عوام کی ضرورت کے مطابق موبائل ہیلتھ یونٹ بھی بھیجا جائے گا۔ پارا چنار کے عوام ہمارے اپنے ہیں، مصیبت اور مشکل میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔
صوبائی کابینہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ چین میں وفد کو ملنے والی غیر معمولی پذیرائی پنجاب کے عوام کے لیے باعث فخر ہے، چین نے 1.6ارب انسانوں کو اپنی طاقت بنا کر ترقی کی اور چین کی ترقی قابل تقلید مثال ہے، ہم بھی محنت کر وہ سب حاصل کرسکتے ہیں۔ چین کے اسکولوں، اسپتالوں اور روڈز پر کوئی کاغذ تک پڑا ہوا نہیں دیکھا۔
مریم نواز نے کہا کہ چین کے عوام میں اتھارٹی کو تسلیم کرنے کا رویہ قابل تقلید ہے، چینی عوام کے خیالات میں نا قابل بیان حد تک ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور دل چاہتا ہے کہ پنجاب چین کی طرح ہر دن ترقی کرے۔ چین کے سرمایہ کار پنجاب میں انویسٹمنٹ کے لیے متمنی ہیں، چھٹی کے باوجود ہفتے کے روز بڑے بڑے کاروباری اداروں کے نمائندوں کا پنجاب کی گول میز میں شرکت قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کی نمایاں اور بڑی 60کمپنیوں کے نمائندوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں آمادگی کا اظہار کیا، چائنہ پنجاب ڈیسک کی منظوری دے دی گئی ہے۔ الٹراساؤنڈ جتنی بڑی مشین میں لیکوڈ نائیٹروجن سے کینسر ٹیومر کو ختم کیا جا سکتا ہے، چین کی کینسر کے علاج کے لیے جدید ترین تکنیک اپنانے سے کیموتھراپی کی ضرورت نہیں پڑتی۔ جلد پنجاب کے ایک اسپتال میں کینسر کے چینی علاج کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ شاید اللہ تعالی نے کینسر کے جدید ترین علاج کی سہولت حاصل کرنے کے لیے ہی چین بھیجا، نواز شریف نے بھی کامیاب دورہ چین کو سراہا اور کہا کہ میں نے 40سال میں ایسی پذیرائی نہیں دیکھی۔ دورہ چین میں زراعت، آئی ٹی، ماحولیات، ایجوکیشن اور ہیلتھ سمیت دیگر شعبوں کا بھرپور مشاہدہ کیا، پنجاب میں بھی لائیں گے۔
صوبائی وزراء نے کہا کہ چین میں پنجاب کے وفد کو ناقابل یقین پذیرائی دی گئی، وزیراعلی مریم نواز شریف کی امور پر مہارت نے چینوں کو حیران کر دیا۔
ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب کلین ایئر پروگرام کی منظوری بھی دی گئی۔ صوبے میں ای بس، چارجنگ اسٹیشن، سپر سیڈر سمیت ملٹی سیکٹوریل اقدامات کیے جائیں گے۔ پاکستان کی پہلی گرین بلڈنگ کے پراجیکٹ کی تکمیل کی منظوری دی دی گئی۔