پاکستانی خبریں

بانی پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات سے متعلق بڑی خبر

سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کی خبروں پر ردعمل دے دیا۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے ملاقات کیلیے مجھے کوئی باضابطہ پیغام نہیں ملا، اگر وہ ملنا چاہیں گے تو بھی سوچ سمجھ کر فیصلہ کروں گا۔

مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ ہمارا گلہ ہے عام انتخابات میں ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ بھی نہیں دی گئی، انتخابات میں کچھ لوگ استعمال ہوگئے لیکن ہم نے استعمال ہونے سے انکار کر دیا۔

اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم میں ہم نے شخصیت کے بجائے اداروں کی مضبوطی کو مقدم رکھا، مدارس رجسٹریشن بل پر طے معاملات کو خوامخواہ چھیڑا گیا تاہم اب معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو رہا ہے۔

سربراہ جے یو آئی (ف) کا مزید کہنا تھا کہ ڈی آئی خان، بنوں اور ٹانگ دہشتگروں کے حوالے ہیں، ٹانگ سے عدالتیں اور سرکاری دفاتر بھی ڈی آئی خان منتقل ہو چکے ہیں، خیبر پختونخوا میں حکومت کی کہیں رٹ نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مرکز میں ورکنگ ریلیشن ہے لیکن صوبائی معاملات پر الگ مؤقف ہے۔

9 نومبر کو مولانا فضل الرحمان نے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی تجویز ماننے سے انکار کیا تھا۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ متحدہ گرینڈ اپوزیشن بنانے کی تیاریاں اور جے یو آئی (ف) اور پی ٹی آئی میں قربت کی کوششیں جاری تھیں، گرینڈ اپوزیشن بنانے کا مقصد حکومت کو ٹف ٹائم دینا تھا۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے عمران خان سے جیل میں ملاقات کی تجویز قبول نہیں کی تھی کیونکہ انہیں پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت سے بات چیت پر تحفظات تھے۔

مولانا فضل الرحمان کو بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی تجویز دی گئی تھی کہ وہ محمود اچکزئی اور اختر مینگل کے ہمراہ اڈیالہ جیل میں ملاقات کریں تاہم پی ٹی آئی کی خواہش پر مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کیلیے کامران مرتضیٰ کو نامزد کیا تھا۔

Related Articles

Back to top button