وزیراعظم نے اڑان پاکستان پروگرام کا افتتاح کردیا
وزیراعظم شہباز شریف نے اڑان پاکستان تقریب سے خطاب میں کہا کہ آخری نو ماہ ہم نے بہت بڑے چیلنجز کا سامنا کیا، ہم میکرواکنامک استحکام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے اس معاشی کامیابی کے لیے خون پسینہ بہایا، ہم 2023 میں آئی ایم ایف سے معاہدےکی سرتوڑ کوشش کررہےتھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف اور اتحادیوں نے فیصلہ کیاکہ ہم اپنی سیاست کو قومی مفاد پرقربان کردیں گے، ہم نے فیصلہ کیا ریاست کو بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو نہ ہونے کے لیے خطوط لکھے گئے تھے، یہ بات ریکارڈ کی ہے کہ خطوط میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف معاہدہ نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس سےبڑی زیادتی کیا ہوسکتی ہےلیکن مالک کو منظور تھاآئی ایم ایف پروگرام کی منظوری ہوئی۔
قبل ازیں اسلام آباد میں قومی اقتصادی پلان ’اڑان پاکستان29-2024‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےنائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کے دلیرانہ اقدامات کی وجہ سے معیشت مستحکم ہورہی ہے، پاکستان کے عوام باہمت اور باصلاحیت ہیں، پاکستان کو چیلنجز درپیش ہیں تو بے پناہ موقع بھی میسر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے موقع سے فائدہ اٹھاکر ملک کو ترقی اور خوشحالی سےہمکنار کرناہے، ہمیں سماجی شعبے پرخصوصی توجہ دینا ہوگی، ہمیں آبادی اور وسائل میں عدم تعاون کو بہتر بنانا ہے، قرضوں کی ادائیگی معیشت پر بڑا بوجھ ہے،نجات حاصل کرناہوگی۔
گزشتہ روز احسن اقبال نے کہا تھا کہ اگلے پانچ برسوں کے لیے قومی معیشت کی بہتری کا منصوبہ شروع کیا جائے گا جو کئی نکات پر مبنی ہے جنہیں ملک کی ترقی و خوشحالی کےلیے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ پاکستان کو برآمدی معیشت کے فروغ کے لیے اپنے تمام مسائل پر توجہ دینی چاہیے اور آٹومیشن، نینوٹیکنالوجی اور خصوصی ٹیکنالوجی جیسے ای کامرس پر توجہ دینی چاہئے۔