برآمدات میں اضافے کے سوا ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں: وزیر اعظم
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ نئےسال کےآغاز میں پاکستان کی خوشحالی کےلیے دعاگو ہوں، ہم ثابت قدمی اور محنت کے ساتھ اپنے اہداف حاصل کرنے کے لیے کاوشیں کیں تو اڑان پاکستاں نئے سال میں نیک شگون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی معاشی ترقی مقصود ہے تو برآمدات پر مبنی ترقی کے سوا ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں ہے، نمو کے شعبے میں استحکام اور ترقی آچکی، اسے حوالے سے اے ڈی آر ( ایڈوانس ٹو ڈیپازٹ ریشو) کی مد میں پیش رفت کو سراہا جانا چاہیے جس کے نتیجے 72 ارب ڈالر کی محصولات خزانے میں آئی ہیں اور محصولات کے حوالے سے آئی ایم ایف کا دسمبر کا 97 فیصد ہدف حاصل ہوگیا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ کراچی پورٹ پر فیس لیس انٹریکشن شروع ہوگیا ہے، گزشتہ سال جولائی میں کراچی پورٹ گیا تو مجھے بتایا گیا کہ ہم فلاں جگہ ریئل اسٹیٹ بنارہے ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ مجھے بہت دکھ اور افسوس ہوا اور میں نے انہیں کہا کہ آپ کا کام پورٹ کو چلانا ہے یا ریئل اسٹیٹ چلانا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ سال اپریل میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کی 60 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ کے ذریعے ایف بی آر میں 100 فیصد ڈجیٹائزیشن کے بعد آج کراچی پورٹ میں فیس لیس انٹریکشن کا ٹرائے رن شروع ہوچکا ہے جس کے نتیجے میں کنیٹینرز کی انسپیکشن کے دورانیے 39 فیصد کمی آئی ہے اور کاروباری حضرات کو ریلیف ملا ہے۔
وزیراعظم نے کہا چینی کی افغانستان اسمگلنگ مکمل طور پر بند ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں گنجائش پیدا ہوئی اور ہم چینی برآمد کرنے کے قال ہوگئے، اس کا کریڈٹ رانا تنویر، اداروں اور آرمی چیف کو جاتا ہے، وزیراعظم نے مزید کہا کہ تیل کی اسمگلنگ میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مالی سال کے 5 ماہ میں ترسیلات زر 15 ارب ڈالر رہی ہیں اور یہی رفتار برقرار رہی تو ترسیلات زر 35 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی جو تاریخ کا سب سے بڑا ریکارڈ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ چھوٹی چھوٹی کامیابیاں اس کے باوجود ہیں کہ 9 ماہ میں دھرنوں کی سیاست نے معیشت کا دھڑن تختہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اس کے باوجود ہم معیشت میں استحکام لانے میں کامیاب ہوگئے اور عام آدمی بھی معیشت کی بہتری کی گواہی دے رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی شفافیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 9 ماہ میں کسی میں کوئی ایک قابل ذکر اسکینڈل لانے کی بھی جرات نہیں ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اب ہم ترقی کی اڑان کے مرحلے کی طرف بڑھنا ہے، گوکہ کارکردگی پچھلے سال سے کہیں زیادہ بہتر ہے تاہم آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اہداف میں کافی فرق موجود ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پچھلے چند سالوں میں افغانستان میں نگراں حکومت کے قیام کے بعد دہشت گردی دوبارہ عود کر آئی ہے، پچھلی حکومت نے نہ جانے کس زعم اور کس ذہن سے فیصلہ کیا کہ سیکڑوں کو دہشت گردوں کو آزاد کردیا اور کئی دہشت گرد یہاں پر آئے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی سے پوری طرح نبرد آزما ہیں اور ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔
وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ سال پاکستان کے لیے اچھا ثابت ہوگا اور خیر و برکت کا باعث بنے گا، بس شرط یہ ہے کہ محنت، محنت اور محنت کی جائے۔