ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج،نیشنل ایکشن پلان کے اہم فیصلے متوقع
اجلاس میں اعلیٰ عسکری وسول قیادت، صوبائی وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان شرکت کریں گے۔
اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیاجائے گا اور انسداددہشت گردی کے آپریشنز کے نتائج پر بھی غورہوگا۔
اس کے علاوہ پاک افغان سرحدی امور اور خوارجیوں کیخلاف آپریشنز کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔
اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ انٹیلی جنس اورقانون نافذکرنےوالے اداروں کے سربراہان بریفنگ بھی دیں گے۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے امن و امان سے متعلق اپنی رپورٹس پیش کریں گے۔
گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردی کا سر کچلے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے، ملک میں مکمل امن ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاڑہ چنار کی صورتحال ہم سب کے لیےسبق ہے کہ دوبارہ ایسا واقعہ نہ ہو، امن وامان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں تاہم پاڑہ چنار امن معاہدہ کامیاب بنانے والے سب لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔