190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا
احتساب عدالت نے آج فیصلے کی تاریخ مقرر کر رکھی تھی تاہم جج ناصر جاوید رانا کی رخصت کے باعث فیصلہ نہیں سنایا جا سکا۔
عدالتی عملے نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری کو آگاہ کر دیا۔ خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ کورٹ اسٹاف نے بتایا ہے کہ فیصلہ آج نہیں سنایا جائے گا، عدالتی عملے نے بتایا ہے فیصلہ سنانے کی اگلی تاریخ آج عدالت میں مقرر کی جائے گی۔
عدالتی عملے نے نیب اور عمران خان کے وکیل کو آگاہ کیا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کے لیے 13 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
کیس کی سماعت اڈیالہ جیل کے بجائے نیب کورٹ جی الیون میں ہوئی۔ فیصلہ سنانے کے لیے عدالت میں ملزمان کی حاضری ضروری ہوتی ہے تاہم بانی پی ٹی آئی کے جیل میں ہونے کی وجہ سے جی الیون سماعت میں ملزمان کی حاضری ممکن نہیں ہو سکی۔ عدالت کی جانب سے فیصلہ سنانے کے لیے نئی تاریخ دیے جانے کا امکان ہے۔
جی ایچ کیو حملہ اور سانحہ 9 مئی سمیت 13 کیسز کی سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی گئی، تمام ملزمان کی عدالت پیشی حاضری لگائی گئی۔
عدالت کے جج امجد علی شاہ ٹریننگ باعث چھٹی پر ہیں اس لیے آج اڈیالہ جیل میں کسی بھی مقدمہ کی سماعت نہیں ہوگی۔ تمام ملزمان کو آج کے لیے حاضری سے استثنا دیا گیا۔