کوئٹہ میں موبائل سروس بند، شہری پریشان
موبائل سروس بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کوریئر سروس، فوڈ اور بائیک رائیڈرز اور موبائل کے کام سے وابستہ افراد پریشانی میں مبتلا ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق موبائل سروس بندش کی وجہ معلوم نہیں۔
دوسری جانب، ذرائع صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق کوئٹہ میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر 2 روز کے لیے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ رات بند کی گئی موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس منگل 7 جنوری کو رات 12بجے بحال کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی بی 45 کوئٹہ 8 کے فارم 47 جاری ہونے کے بعد سے موبائل سروس معطل ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی قائدین اور کارکنان نے آر او آفس کے سامنے دھرنا دیا تھا جبکہ آج بلوچستان کے تمام اضلاع میں شٹر ڈاوٴن کی کال دی ہے۔
حلقہ پی بی 45 کوئٹہ 8 کے 15 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے تھے۔