پاکستانی خبریں

پاکستان میں آئی این ایکس میری ٹائم سروس کا آغاز

پاکستان کی یونائیٹڈ میرین ایجنسیز (یو ایم اے) نے ایچ ایم ایم کے ساتھ مل کر کراچی بندرگاہ کو ایچ ایم ایم شپنگ کمپنی کی نئی ’انڈیا نارتھ یورپ ایکسپریس‘ سروس سے جوڑ دیا ہے۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ نئی سروس مغربی بھارت اور شمالی یورپ کے درمیان ایک براہ راست سمندری رابطہ فراہم کرے گی اور 5 فروری 2025 کو کراچی سے اپنی پہلی روانگی کے ساتھ عالمی سطح پر اپنے آپریشنز کا آغاز کرے گی۔

کراچی میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی، وائس ایڈمرل فیصل عباسی، کمانڈر کراچی پاکستان نیوی، نے اس نئی سروس کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی بحری سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے اور مستحکم کرنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ مواصلات کی سمندری لائنیں قوموں کو اپنی زمینی سرحدوں سے آگے بڑھنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں، اور یہی تجارت کے لیے اہم راستے فراہم کرتی ہیں، آج 75 فیصد عالمی تجارت سمندری راستوں پر ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث وسطی ایشیا، جنوب مغربی ایشیا اور خلیج فارس کے گیٹ وے کے طور پر دنیا بھر میں اہم مقام رکھتا ہے۔

کمانڈر کراچی نے مزید کہا کہ پاکستان میں سمندری، ماہی گیری، معدنیات اور توانائی کے وسائل موجود ہیں جو معیشت کے لیے اضافی آمدنی پیدا کر سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ’انڈیا نارتھ یورپ ایکسپریس‘ سروس کا پہلا سفر کراچی سے شروع ہوگا، جس میں بندرگاہوں کا روٹ کراچی – ہزیرہ – موندرا – نہوا شیوا – کولمبو – لندن گیٹ وے – روٹرڈیم – ہیمبرگ – اینٹورپ – کراچی شامل ہے، یہ ہفتہ وار سروس 6 ہزار ٹی ای یو کنٹینر جہازوں کے ساتھ 11 ہفتے (77 دن) کے عرصے میں مکمل ہو گی۔

سی ای او یونائیٹڈ میرین ایجنسیز کا کہنا تھا کہ یو ایم اے پاکستان میں ہنڈائی مرچنٹ میرین (ایچ ایم ایم) کے لیے بہترین شپنگ سروسز فراہم کر رہی ہے۔ عالمی سطح پر معروف شپنگ لائنز کی نمائندگی کرتے ہوئے، یو ایم اے دنیا بھر میں مختلف اہم منازل تک کارگو ہینڈل کرتی ہے۔

ایچ ایم ایم کی ’انڈیا نارتھ یورپ ایکسپریس‘ سروس اوشین نیٹ ورک ایکسپریس (ون) اور یونائیٹڈ میرین ایجنسیز کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے۔

Related Articles

Back to top button