پاکستانی خبریں

اہم محکمے میں خلاف ضابطہ سینکڑوں بھرتیوں کا انکشاف

پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان پوسٹ میں خلاف ضابطہ 381 بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔

چیئرمین جنید اکبرخان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان پوسٹ میں خلاف قواعد بھرتیوں کا معاملہ زیر بحث آیا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ خلاف قواعد بھرتی کیے گئے 381 افراد ابھی تک عہدوں پر بیٹھے ہیں، بتائیں کہ ابھی تک محکمے نے اس پر کیا کچھ کیا ہے؟

وزارت مواصلات کے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ بھرتیوں میں 4 خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی،بھرتیوں کیلئے این او سی کا ایشو تھا اور ضرورت سے زیادہ بھرتیاں کی گئیں۔ خلاف قواعد بھرتیوں پر فیکٹ فائنڈنگ اور محکمانہ انکوائری ہوئی،انکوائری کے بعد شوکاز نوٹس جاری کئے گئے، جن کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ان کی ترقی نہیں ہوگی،کمیٹی نے ایک ماہ میں خلاف ضابطہ بھرتیوں کیخلاف ایکشن کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

شاہدہ اختر کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کی ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ،ذیلی کمیٹی 2010 سے 2014 کے درمیان کی آڈٹ رپورٹس کا جائزہ لے گی۔ پی اے سی کی عملدرآمد کمیٹی تشکیل دینے کا معاملہ مؤخر کردیا گیا، چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ عملدرآمد کمیٹی کیلئے ڈاکٹر طارق فضل چودھری نامزد تھے۔ طارق فضل چودھری وزیربن چکے ، پتہ نہیں وقت دے پائیں یا نہیں،طارق فضل چودھری سے پوچھ کر عملدرآمد ذیلی کمیٹی کا فیصلہ کریں گے۔

Related Articles

Back to top button