عمران خان کی رہائی سے متعلق حامد میر کا بڑا دعویٰ

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی کی بات چیت ایک سال سے چل رہی ہے، پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے اتحاد سے حکومت پر دبائو پڑے گا تو اس کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی رہا بھی ہوسکتے ہیں، پھر اس کے بعد کیا ہوگا، اصل سوال یہ ہے، اور اس معاملے پر دونوں جماعتوں میں بات چیت چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وفد نے جے یو آئی کو عمران خان کی طرف سے یقین دہانی کرائی ہے کہ آپ اپنی شرائط بنالیں، آپ ہمیں سب کچھ لکھ کر دے دیں گے، جو آپ چاہتے ہیں، ہم ان کو اوکے کر دیں گے، اور اس پر مکمل عمل در آمد بھی کریں گے۔
نامور صحافی اور تجزیہ کار نے کہا کہ جے یو آئی سے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ اتحاد کی شرائط میں چاہیں تو ملک میں اصلاحات اور آئندہ الیکشن میں آپ کو جو بھی نشستیں چاہیں، ان کا بھی لکھ کر دے دیں، اس کی آپ کو کھلی چھوٹ ہے۔
حامد میر نے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ سمیت بہت سے سیاسی رہنما کہہ رہے ہیں کہ عمران خان نے جیل بڑی بہادری سے کاٹی ہے، گرینڈ الائنس کے حوالے سے عمران خان بہت سنجیدہ ہیں اور وہ مولانا فضل الرحمان کو ہر قیمت پر اپنے ساتھ ملانا چاہتے ہیں، جے یو آئی کے رہنما سمجھتے ہیں کہ گرینڈ اپوزیشن الائنس کا اصل فائدہ پی ٹی آئی کو ہوگا۔
حامد میر نے کہا کہ عمران خان سندھ اور بلوچستان کے قوم پرستوں سے بھی رابطے کر رہے ہیں، پی ٹی آئی رہنماوں نے جے یو آئی سے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ آپ کے ساتھ الیکشن اتحاد بنایا جائے اور الیکشن کے بعدگرینڈ قومی ایجنڈا بنانا چاہتے ہیں، اور آپ کے ساتھ مل کر پاکستان کے اس روایتی سیاسی کلچرکو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔