چار (4) کھرب روپے کے اثاثے ہیں ایک روپیہ بھی ٹیکس نہ دیا
مظفر گڑھ عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے سیاستدانوں کے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آنے کا سلسلہ جاری ہے، بڑی بڑی کاروباری شخصیات نے تھوڑے تھوڑے اثاثے ظاہر کرکے جہاں قوم کو ورطہِ حیرت میں ڈالا وہیں ایک ایسا آزاد امیدوار بھی سامنے آیا ہے جو کھرب پتی ہے لیکن اس نے ایک روپیہ بھی ٹیکس ادا نہ کرکے قوم کو حیرت کا جھٹکا دے دیا ہے۔مظفر گڑھ شہر کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 182 اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 270سے میاں محمد حسین عرف میاں منا شیخ نامی امیدوار نے آزاد حیثیت میں کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔وہ قومی اسمبلی کے حلقے سے عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی اورسابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا مقابلہ کرنے کیلئے پر جوش ہیں۔میاں منا شیخ کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں 4 کھرب تین ارب 77 کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کیے گئے ہیں لیکن انہوں نے آج تک انکم ٹیکس اور زرعی آمدنی کی مد میں ایک روپیہ بھی ٹیکس ادا نہیں کیا۔ انہوں نے اپنے کاغذات میں 350 مربع اراضی (یعنی 8 ہزار 750 ایکڑ یا 70 ہزار کنال)، کمرشل رقبہ اور کچھ متنازعہ زمینیں ظاہر کی ہیں۔ منا شیخ نے کاغذات نامزدگی میں لکھا ہے کہ یہ تمام پراپرٹی اسے وراثت میں حاصل ہوئی ہے