گوادر: دہشتگردوں کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق

پولیس کا کہناہے کہ فائرنگ سے 5افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ تاہم فائرنگ سے زخمی شخص بھی دوران علاج دم توڑ گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے جس میں سے ایک شخص کا تعلق ملتان سے ہے جبکہ دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کر کے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ افراد کو ناحق قتل کرنا انسانیت سوز جرم ہے، شناخت کر کے مسافروں کو نشانہ بنانا بربریت اور درندگی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے علاقے منگچر میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 4 مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر منگچر علی گل کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے منگچر کی ملنگ زئی میں ٹیوب ویل کی تنصیب پر کام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے بتایاکہ جاں بحق افراد کا تعلق صادق آباد سے تھا۔