پاکستانی خبریں

ایم کیو ایم کا عیدالفطر سادگی سے منانے کا اعلان

ایم کیوایم پاکستان نے شہر قائد میں جانبحق شہریوں کے سوگ میں عید سادگی سے منانے کا اعلان کیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عید سے پہلے ہی اس شہر کے شہریوں کو سوگ میں ڈال دیا گیا ہے، پورے رمضان اس شہر کی سڑکیں یہاں کے شہریوں کے خون سے لال ہوتی رہی ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس سے پہلے اس شہر کے مکین ڈکیتوں کے ہاتھوں مارے جاتے رہے، ہم چلاتے رہے اور بولتے رہے، مگر حکومت کے کانوں پر جوں نہ رینگی، ایک بچی بشری زیدی کے واقعہ نے ماضی میں اس شہر کا سیاسی منظر نامہ تبدیل کیا، غفلت اور بے رحمی کا ایک سلسلہ ہے جو اس شہر کے ساتھ کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈمپر اور ٹرک مافیا نے اس شہر کو یرغمال بنا رکھا ہے، اس شہر کو ڈرگ مافیا اور اسلحہ مافیا نے 80 کی دہائی میں میں برباد کیا، جس طرح اعلیٰ عدالتیں چھوٹے سے چھوٹے مسئلہ پر سو موٹو لیتی ہیں، اگر عدالتوں سے بھی ہمیں انصاف نہیں ملنا تو ہمیں وہ دروازہ بتائیں جسے ہم کھٹکھٹائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، صدر مملکت بتائیں ہم کہاں جائیں، اس شہر میں ہونے والے تمام جرائم بیروزگاری، لسانی و متعصابہ فیصلوں پر احتجاج کرنے پر بھی کیا احتجاج نہ کیا جائے، ایم کیو ایم ان تمام معاملات پر کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے جارہی ہے، ہم اس حوالے سے پھر کورٹ میں حجت تمام کرنے جارہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button