نوشہرہ (بول نیوز اردو) جمعیت علماءاسلام (س) کی مرکزی مجلس عاملہ نے مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے حامد الحق کو جمعیت علماءاسلام (س) کا قائم مقام امیر مقرر کردیا ہے۔
جمعیت علماءاسلام (س) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس صبح سے اکوڑہ خٹک میں جاری تھا جس میں جماعت کے نئے سربراہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعیت کے قائدین نے مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے حامد الحق کو جمعیت علماءاسلام (س) کا قائم مقام امیر مقرر کردیا ہے۔ ان کے بطور امیر انتخاب کا اعلان جمعیت علماءاسلام (س) کے نائب صدر مولانا شبیر احمد نے کیا۔
واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام تقسیم ہند سے پہلے جمعیت علماءہند تھی جس کا نام تقسیم کے بعد تبدیل کردیا گیا تھا۔ مفتی محمود اپنے انتقال تک تنظیم کے سربراہ رہے تاہم 1980 میں ان کی رحلت کے بعد جمعیت علماءاسلام 2 دھڑوں میں بٹ گئی۔ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں دھڑا جے یو آئی (ف) اور مولانا سمیع الحق کا دھڑا جے یو آئی (س ) کہلایا ۔